
نئے چیف آف آرمی اسٹاف (سی او اے ایس) کی تقرری کے حوالے سے صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ معاملات کو خوش اسلوبی سے حل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے میری سوچ یہ تھی کہ ہر اسٹیک ہولڈر کے ساتھ مشاورت کی جائے، سمری آنے پر میں نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی۔
انہوں نے سمری پر دستخط سے قبل نئے چیف آف آرمی اسٹاف (سی او اے ایس) سے ملاقات کرنے کی روایت کو بھی سراہا۔ انہوں نے پاکستان میں مارشل لاء کے امکان کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت اب مستحکم ہو چکی ہے۔
صدر عارف علوی نے پاکستان میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کی سرگرمیوں پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاک فوج دہشت گردی پر قابو پانے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔
موجودہ سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے صدر نے اس وقت ‘گھبراہٹ کی کیفیت’ کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی درجہ حرارت کو کم کرنے کی کلید مذاکرات ہیں۔
صدر عارف علوی نے کہا کہ عوام کو بھی حکومت پر اعتماد ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو یہ یقین کرنے کا حق حاصل ہے کہ حکومت ان کے مینڈیٹ کی ہے، فوری انتخابات ہی عوام کے اعتماد کا واحد حل ہیں۔