
نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسینڈرا آرڈرن کی رکن پارلیمنٹ کے بارے میں توہین آمیز الفاظ ریکارڈ ہو گئے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے پارلیمنٹ میں سیاسی حریف کی توہین کرنے پر معافی مانگ لی ہے۔
اپوزیشن ACT پارٹی کے رہنما ڈیوڈ سیمور کے ایک سوال کے بعد مائیکروفون پر وزیراعظم کی جانب سے ادا کیے گئے الفاظ ریکارڈ ہو گئے جس پر سیمور نے اعتراض اٹھایا اور ایوان نمائندگان کے اسپیکر سے کہا کہ وہ ان الفاظ کو واپس لینے کا کہیں۔
وزیراعظم نے اپوزیشن رکن کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے اپنی تقریر کا اختتام سخت الفاظ میں کیا۔ انہوں نے نام لیے بغیر آہستگی سے کہا کہ ’کس قدر مغرور انسان ہے‘
یہ الفاظ مائیکرفون کے ذریعے سن لیے گئے جس کے بعد وزیراعظم آفس کی جانب سے جسینڈرا آرڈرن کا معافی کا بیان دیا گیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم رکن پارلیمنٹ کے حوالے سے دیے گئے بیان پر معذرت خواہ ہیں۔